گجرات شہر شدید اربن فلڈنگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 506 ملی میٹر بارش نے نظام زندگی
درہم برہم کر دیا ہے۔
شہری علاقوں میں پانی گھروں، دکانوں اور دفاتر میں داخل ہو چکا ہے، جس سے لوگ شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔
مدینہ سیداں کے قریب برساتی نالے میں پانی موڑنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں جبکہ کچہری چوک، گوندل چوک، ظہور الٰہی اسٹیڈیم، جیل چوک اور دیگر مقامات پر پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔
مساجد سے اعلانات کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو سکیں۔
سیلابی صورتحال کے باعث نالہ بھنڈر اور نالہ بھمبر میں طغیانی سے ایک مکان پانی میں بہہ گیا، جبکہ متعدد دکانوں کا قیمتی سامان بھی تباہ ہو چکا ہے۔
شہری علاقوں میں 4، 4 فٹ تک پانی جمع ہو چکا ہے، جس نے معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج کر دیے ہیں۔
احاطہ سیشن کورٹ، سرکاری دفاتر اور اہم عمارتیں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔
شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری ریلیف اور نکاسی آب کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

